اڈپی 30؍اکتوبر (ایس او نیوز)شیروا پولیس اسٹیشن کی حدودمیں موٹر بائک اوورٹیک کرنے جیسی معمولی بات پر جھگڑا کرنے اور پھر صلح صفائی کے نام پر دو لوگوں کو اغوا کرکے بری طرح پیٹائی کرنے والے 6ملزمین کو ایک ذمہ دار شہری کے تعاون سے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔
گرفتارشدہ ملزمین کے نام دیپک (19سال)، دکشیت (20سال)،سومنت (20سال)، اجول (20سال) ، ستیہ راج (23سال) اور نتیش (28سال) بتائے گئے ہیں ۔ جبکہ ان ملزمین کے حملے میں زخمی ہونے کی وجہ سے علاج کے لئے اسپتال میں داخل نوجوانوں کے نام منجو ناتھ اور شیو پرساد بتائے گئے ہیں۔پولیس کے بیان کے مطابق مذکورہ ملزمین کے خفیہ ٹھکانے کا پتہ فون کے ذریعے ایک ذمہ دار شہری نے بتایا تو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس رشی کیش کی رہنمائی میں کاپ سرکل انسپکٹر کی ٹیم نے دیر رات کو کارروائی کرتے ہوئے ملزمین کو گرفتار کرلیااوران کے خلاف حملہ، اغوا اور فساد کرنے کا معاملہ درج کردیا ۔ اس کے علاوہ پتہ چلا ہے کہ پولیس کی مدد کرنے والے شہری کو 5ہزار روپے انعام اور ایک توصیف نامہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔